وزارت خزانہ نے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 اور 2024 سے متعلق وضاحت جاری کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے پے اسکیلز 2026 کے نفاذ کے بعد پرانے ایڈہاک ریلیف الاؤنس اپنی موجودہ سطح پر منجمد رہیں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023، 30 جون 2023 کی سطح پر فریز رہے گا، جبکہ یکم جولائی 2026 کے بعد بھرتی ہونے والے نئے ملازمین بھی مقررہ شرح کے مطابق یہ الاؤنس حاصل کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کو 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو 30 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، جس کا حساب بی پی ایس 2022 کی کم از کم بنیادی تنخواہ پر کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 بھی 30 جون 2026 کی سطح پر برقرار رہے گا۔ گریڈ 1 تا 16 کے لیے 25 فیصد اور گریڈ 17 تا 22 کے لیے 20 فیصد الاؤنس جاری رہے گا۔
وزارت کے مطابق نئے ملازمین کو بھی 2024 کا ایڈہاک ریلیف مقررہ شرح کے مطابق دیا جائے گا۔ یہ وضاحت تنخواہوں کے حساب کتاب میں یکسانیت پیدا کرنے اور بجٹ 2026 کے اقدامات پر عملدرآمد کو آسان بنانے کے لیے جاری کی گئی ہے۔
















