وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ اب بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ ملک میں رائج 80 سالہ قدیم نظام تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں اور اپنی وزارت کا غیرجانبدار تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت پانچ سال مکمل کرے گی اور وزیراعظم شہباز شریف ہی عہدے پر برقرار رہیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم کو جوابدہ ہیں اسی لیے انہوں نے درخواست کی ہے کہ ان کی وزارت کا تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرایا جائے اور اس کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ 80 سالہ قدیم قائم نظام تباہ ہو چکا ہے، ہم نے جنگ جیتی، سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں اور ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس جمع کیا لیکن اس کے باوجود نظام میں بنیادی تبدیلی نہیں آ سکی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کی کابینہ میں حاضری تقریباً 70 فیصد ہے، جبکہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ انہوں نے 30 سال کا سفر 3 سال میں مکمل کر لیا وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اگر بہتر نظام ملتا تو وہ اس سے کئی گنا بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت ہر صورت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرے گی اور شہباز شریف وزیراعظم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کے اور وزیراعظم کے تعلقات خراب کیے جائیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔
















