Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نجکاری کے بعد پی آئی اے سی ایل بورڈ کا پہلا اجلاس؛ ملازمین کے لیے بونس کی منظوری

اس بونس کا بنیادی مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی ہے، ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد: پی آئی اے سی ایل بورڈ کے 102 ویں اجلاس میں ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس منظور کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے 102 ویں اور نجکاری کے بعد پہلے اجلاس میں ایئرلائن ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ بورڈ کا یہ اہم فیصلہ نئی انتظامیہ کی اس حکمت عملی کا عکاس ہے جس کے تحت قومی ایئرلائن کی بحالی اور ترقی کے لیے افرادی قوت کو بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بونس کا بنیادی مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی، ان کی خدمات کو سراہنا اور انہیں ایئرلائن کے نئے اہداف، پروازوں میں توسيع اور سروس کے معیار کی بہتری کے لیے تیار کرنا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملازمین پی آئی اے کی بحالی کے عمل میں سب سے اہم ستون ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اجلاس میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے اعتماد کی بحالی کے لیے یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی انتظامیہ ایک بہترین، فعال اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے کے لیے پُراعتماد ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ فیصلہ نئی انتظامیہ کی جانب سے ایک مثبت اور مضبوط شروعات کا مظہر ہے جس سے ایئرلائن کے آپریشنز میں بہتری، بہترین کسٹمر سروس اور ادارے کو مستحکم بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔

متعلقہ خبریں