ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آگئی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں صرف ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد کئی شہروں میں آٹا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہو کر 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا جبکہ ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 133 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران لاڑکانہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا جبکہ سکھر میں 60 روپے اور بنوں میں 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمتیں بھی سامنے آگئی ہیں۔ پشاور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3100 روپے، راولپنڈی میں 3093 روپے، بہاولپور میں 2960 روپے اور بنوں میں 2950 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق حیدر آباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ سرگودھا میں یہی تھیلا 2793 روپے تک دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2750 روپے، خضدار اور لاڑکانہ میں 2600 روپے جبکہ سکھر میں 2560 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2300 روپے اور فیصل آباد میں 2200 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

















