کراچی: گلستانِ جوہر سے نوجوان میر رضا کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ میر رضا کی موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے قبر کشائی کے معاملے پر نیا تشکیل دیا گیا میڈیکل بورڈ ختم کرکے سابق بورڈ کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق قبر کشائی اور بعد از مرگ معائنے کے لیے پہلے سے قائم میڈیکل بورڈ ہی اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا۔ بورڈ کی کنوینر ڈاکٹر سمعیہ سید ہوں گی جب کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد بطور ماہر امراضِ بافتہ خدمات انجام دیں گے۔

حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر فرح وسیم کو بطور فرانزک ماہر بورڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ سی پی ایل سی کے افسر عامر حسن خان فرانزک شناخت کے ماہر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر سری چند اور ڈاکٹر دانیال مرزا بھی میڈیکل بورڈ کے ارکان کے طور پر برقرار رہیں گے۔
واضح رہے کہ گلستانِ جوہر سے نوجوان میر رضا کی لاش ملنے کے بعد موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے قبر کشائی اور دوبارہ طبی معائنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے لیے اب سابق میڈیکل بورڈ کو دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔
















