مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کی 68ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور افواج پاکستان نے میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کی غیر معمولی بہادری، فرض سے غیر متزلزل وابستگی اور دفاع وطن کے لیے عظیم قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن افواج کے خلاف جرات مندانہ حملے کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ ناقابلِ تسخیر حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ لڑتے رہے اور اپنے مشن کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نمایاں جرات، بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کے اعتراف میں میجر طفیل محمد شہید کو نشانِ حیدر عطا گیا پاکستان کی عوام اور مسلح افواج میجر طفیل محمد شہید اور وطن کے دفاع میں قربان کرنے والے تمام شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہداء کی جرات، بہادری اور حب الوطنی کی لازوال میراث آج بھی آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ تحریک ہے شہداء کی عظیم قربانیاں وطن کے تمام محافظوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔
















