Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فاتح لکشمی پور، میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر، وطن پر قربان ہونے کی لازوال داستان

میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور جرات مندی نے دشمن کو شکست دی

پاکستان کی عسکری تاریخ میں میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کا نام عزت، بہادری اور قربانی کی علامت ہے انہوں   نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات و استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔

میجر طفیل محمد  نے پنجاب رجمنٹ میں  کمیشن حاصل کیا اور  پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورقائدانہ کردار کی بدولت نمایاں مقام حاصل کیا۔

  ہندوستانی سرحد سے متصل لکشمی پور سیکٹر میں میجر طفیل نے دشمن  کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔

ہندوستانی فوج نے سمگلرز کو تحفظ دینے کے لئے اگست 1958 میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لکشمی پور سیکٹر پر قبضہ کر لیا یہ علاقہ  مشرقی پاکستان میں ہندوستانی اشیاء کی سمگلنگ کے لیے استعمال ہوتا تھا اس غیر قانونی سمگلنگ کو روکنے کے لیے ایسٹ پاکستان رائفلز(EPR) کو تعینات کیا گیا۔

 میجر طفیل محمد کو دشمن کے زیر قبضہ لکشمی پور کے علاقہ کو واگزار کرانے کی اہم  ذمہ داری سونپی گئی۔

7 اگست کی رات  میجر طفیل  نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے مضبوط مورچوں پر حملہ کر دیا اس حملے میں آپ دشمن کی مشین گن  کے فائر کی زد میں آکرشدید زخمی ہو گئے مگر دستی بموں سے حملہ جاری رکھا۔

میجر طفیل محمد نے  شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنی کمان نہ چھوڑی اور دشمن کو پسپا کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اس دوران میجر طفیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبہ پر فائز ہو گئے۔

میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور جرات مندی نے دشمن کو شکست دی اور  لکشمی پور سیکٹر  کا قبضہ چھڑانے  میں کامیابی حاصل کی۔

 میجر طفیل محمد شہید کی قربانی پاک فوج کی پیشہ ورانہ روایات، جذبۂ ایثار اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن مثال ہے۔

متعلقہ خبریں