Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات کی اندرونی کہانی؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خصوصی پیغام پہنچایا

‘ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے’

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

یاد رہے کہ محسن نقوی نے گزشتہ روز تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت سے باہمی مفادات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی سیکیورٹی اور استحکام بھی مضبوط ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات خطے میں سیکیورٹی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہیں۔ پاکستان تہران کے ساتھ تعلقات کو مزید جامع اور مستحکم بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں