Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے 355 شخصیات کے ناموں کی سفارش

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے نام فہرست میں شامل۔

اسلام آباد: پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے 355 شخصیات کے ناموں کی سفارشات مرتب کرلی گئی ہیں۔ سفارشات میں سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، صحافت اور دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے نام شامل ہیں۔

سفارشات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر احمد خان چیمہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے لیے نشانِ امتیاز کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح ڈی جی انٹیلی جنس بیورو فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نبیل اے اعوان کے لیے ہلالِ امتیاز کی سفارش کی گئی ہے۔

صحافت کے شعبے میں محمد صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کے لیے ستارۂ امتیاز جب کہ حامد غزنوی کے لیے پرائیڈ آف پرفارمنس کی سفارش کی گئی ہے۔ معروف نیوز اینکرز ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حامد حسن کے لیے تمغۂ امتیاز کی سفارشات بھی شامل ہیں۔

ادب اور فنون کے شعبے میں معروف شاعر اعجاز رحیم اور محمد خورشید الحسن رضوی کے لیے ہلالِ امتیاز جب کہ ناول نگار ہاشم ندیم کے لیے ستارۂ امتیاز کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مصوری، اداکاری، گلوکاری اور دیگر فنون سے وابستہ متعدد شخصیات کے نام بھی سول ایوارڈز کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔

کھیلوں کے شعبے میں باکسر اٹّا محمد کاکڑ کے لیے ستارۂ امتیاز جب کہ شوٹر کشمالہ طلعت اور اسکواش کھلاڑی نور زمان کے لیے پرائیڈ آف پرفارمنس کی سفارش کی گئی ہے۔

سفارشات میں متعدد شہداء کے لیے بعد از شہادت ستارۂ شجاعت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے متعدد شہداء کے لیے بعد از شہادت ستارۂ شجاعت کی سفارش کی گئی ہے جب کہ پنجاب پولیس کے افسران کو بہادری اور عوامی خدمت کے اعتراف میں سول ایوارڈز دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

بیرونِ ملک شخصیات کے لیے بھی پاکستان کے اعلیٰ سول اعزازات کی سفارشات شامل ہیں۔ شیخہ فاطمہ بنت مبارک کے لیے نشانِ پاکستان، روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کے لیے ہلالِ پاکستان، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کے لیے ستارۂ پاکستان کی سفارش کی گئی ہے۔

سفارشات کے مطابق چین سے وابستہ متعدد شخصیات کے لیے ستارۂ قائداعظم تجویز کیا گیا ہے جب کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی نشان، ہلال، ستارہ اور تمغۂ امتیاز کی سفارشات فہرست میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں