راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں سابق فوجیوں کا تجربہ قیمتی اثاثہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملکی دفاع میں سابقہ فوجیوں کی گراں قدر خدمات اور زندگی بھر کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

دوران تقریب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی استقامت کو مضبوط بنانے میں ان کے دیرپا کردار کا اعتراف کیا اور کہا کہ سابقہ فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل وابستگی ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے تیزی سے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے ماحول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قن کے تجربات سے استفادہ اہم ہے۔
آخر میں سابقہ فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مسلح افواج کے ساتھ مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کا بھی عہد کیا۔


















