پاکستان آج باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی کانفرنس آن ڈس آرمامینٹ کی صدارت سنبھالے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے ترجمان وزارت خارجہ اور ایڈیشنل سیکرٹری تخفیف اسلحہ و بین الاقوامی سلامتی طاہر اندرابی اقوام متحدہ کی کانفرنس آن ڈس آرمامینٹ کے نئے صدر ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ طاہر اندرابی آئندہ ہفتے جنیوا میں کانفرنس کے اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے، یہ بطور ترجمان وزارت خارجہ ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے، صدارت کی مدت میں پاکستان کا کردار بنیادی طور پر کانفرنس کی کارروائی کو منظم، متوازن اور اتفاقِ رائے کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بحثیت صدر طاہر اندرابی کانفرنس کی سالانہ رپورٹ بھی تیار کریں گے جسے اراکین کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، پاکستان کی تیار کردہ رپورٹ میں کانفرنس کی پورے سال کی کارروائی، ایجنڈے پر بحث، مذاکرات اور کانفرنس کے کام کی تفصیل شامل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سالانہ رپورٹ کی بنیاد پر پاکستان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے لیے قرارداد کی ڈرافٹنگ اور منظوری کے لیے مذاکرات کرائے گا، قرارداد کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے ماہ نومبر میں منظور کروایا جائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کے 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کے لیے مشاورت اور مذاکرات میں سہولت کاری فراہم کرے گا، بحثیت صدر کانفرنس آن ڈس آرمامینٹ پاکستان اس ہفتے خلا میں اسلحہ کی دوڑ کے روک تھام (PAROS) پر اہم مباحثہ منعقد کروائے گا، بیرونی خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کے سلسلے میں امریکا اور یورپی ممالک کا مؤقف چین اور روس سے متصادم و مخالف ہے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ بحثیت صدر پاکستان کا عالمی طاقتوں کے اختلافات کے حل کے لیے پل کا کردار ادا کرنا چیلنج ثابت ہوگا، کانفرنس میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی دوڑ کے خاتمہ، ایٹمی جنگ کی روک تھام، سلامتی کی ضمانتیں خصوصی طور پر زیر غور آئیں گی۔
علاوہ ازیں انشقاق پذیر مواد سے متعلق معاہدہ (FMCT) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ کانفرنس میں فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI)، عالمی و علاقائی امن اور تزویراتی استحکام بھی زیر غور آئیں گے۔
کانفرنس آن ڈس آرمامینٹ کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اہم مباحث میں نمایاں سفارتی کردار فراہم کرے گی۔



















