وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اجلاس میں گندم، پٹرولیم مصنوعات، توانائی، روزویلٹ ہوٹل، پی آئی اے اور مختلف اہم منصوبوں سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق پاسکو کے گندم ذخیرے میں 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔ درآمدی گندم کے بروقت اخراج کے لیے پاسکو کا ذخیرہ وصول کنندہ اداروں کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی تعاون کے لیے معاہدہ خرید و فروخت کی منظوری دی گئی ہے۔ او کیو ٹریڈنگ اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل کی تعمیر نو کے لیے مذاکراتی کمیٹی بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
ای سی سی نے پی آئی اے اور نیشنل بینک کے درمیان معاہدے پر 15 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی حکومتی ضمانت منظور کرلی۔
اعلامیے کے مطابق کراچی کے کے-فور منصوبے کے لیے 7 ارب 79 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے۔
اجلاس میں ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کے لیے فرنٹیئر کور (ایف سی) کو 56 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔















