باصلاحیت پاکستانی طلباء نے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز چائنا میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔
سیڈار کالج اینڈ اسکول نے 70 سے زائد وفود کے درمیان نمایاں بہترین مختصر وفد کا اعزاز حاصل کیا، پاکستانی طلباء نے تین بہترین مندوب اور دو نمایاں سفارتی کارکردگی کے اعزازات سمیت مجموعی طور پر پانچ انفرادی اعزازات حاصل کیے۔
ٹیم میں شامل دیگر ارکان نوین راج، محمد احمد حسین اور ملیحہ علی نے بہترین مندوب کے اعزازات اپنے نام کرلیے جبکہ پاکستانی طالبات سلیقہ مرتضیٰ اور علیشبا وزیر کو بھی بہترین سفارت کار کے اعزاز سے نوازا گیا۔
پاکستانی طلباء نے عالمی مسائل پر گفتگو کے دوران بہترین سفارت کاری، قیادت اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بیکن ہاؤس اسکول لاہور کے طالبعلم حسام معظم نے بھی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے باوقار آنریبل مینشن ایوارڈ حاصل کیا، ان کی بہترین تقریری صلاحیتوں، اعتماد اور غیر معمولی سفارتی مہارت نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔
پاکستانی طلباء کی عالمی کامیابی نے ثابت کردیا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیت اور اعتماد میں کسی سے کم نہیں۔


















