ڈھاکا: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 413 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنالیے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان ڈھاکا میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جاری جس کا دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔
پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنالیے جب کہ قومی ٹیم کو بنگلادیش کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 234 رنز درکار ہیں۔
Azan Awais leads Pakistan’s positive response after Mohammad Abbas starred with a five-wicket haul earlier in the day 🏏
Pakistan trail by 234 runs with nine wickets in hand#BANvPAK pic.twitter.com/IV94unwiIR
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 9, 2026
ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے اذان اویس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز بنا رکھے ہیں اور وہ عبداللہ فضل کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں جو 37 رنز کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کو میچ کے آغاز میں پہلا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد اذان اویس اور عبداللہ فضل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔
اس سے قبل بنگلادیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے نجم الحسن نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے فاسٹ بولر محمد عباس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی کوشش ہوگی کہ بنگلادیش کا اسکور عبور کرکے پہلی اننگز میں برتری حاصل کی جائے۔




















