دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت اے آئی سے تیار یا ایڈٹ کیے گئے مواد کے حوالے سے شفافیت بڑھانے کے لیے ایک اہم پالیسی نافذ کر دی ہے جس کے تحت ایسے مواد کی واضح نشاندہی کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق اب وہ تمام ویڈیوز جن میں نمایاں طور پر اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہو ان پر خصوصی لیبل دکھایا جائے گا تاکہ ناظرین آسانی سے جان سکیں کہ مواد انسانی تخلیق ہے یا مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
یوٹیوب نے وضاحت کی ہے کہ طویل دورانیے کی ویڈیوز میں یہ لیبل ویڈیو کی تفصیلات کے قریب جبکہ شارٹس میں براہِ راست ویڈیو اسکرین پر نمایاں ہوگا۔
اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایک جدید خودکار شناختی نظام بھی متعارف کرایا ہے جو ویڈیوز کا تجزیہ کرکے اے آئی سے تیار یا تبدیل شدہ مواد کی نشاندہی کرے گا۔ اس طرح اگر کوئی تخلیق کار اپنے مواد کو خود ٹیگ نہ بھی کرے تو نظام ممکنہ طور پر اس کی شناخت کر سکے گا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اگر کسی ویڈیو پر غلطی سے اے آئی لیبل لگ جائے تو تخلیق کار یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے معلومات میں ترمیم کر کے نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم وہ مواد جو یوٹیوب کے اپنے اے آئی ٹولز کے ذریعے تیار کیا گیا ہو یا جس میں مخصوص ڈیجیٹل میٹا ڈیٹا موجود ہو اس پر لیبل برقرار رہے گا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا ویڈیوز کی رینکنگ، سفارشات یا مونیٹائزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نئے نظام کا مقصد صرف ناظرین کو مواد کی نوعیت کے بارے میں زیادہ واضح اور درست معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ آن لائن مواد پر اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔



















