گوگل نے اپنی مقبول سروس گوگل میپس میں ایک دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب موبائل فون پر بھی ماضی کی اسٹریٹ ویو تصاویر دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اسٹریٹ ویو کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ صارفین کے لیے دستیاب تھی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ چونکہ اب زیادہ تر افراد اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں، اس لیے تاریخی اسٹریٹ ویو تصاویر تک رسائی کو موبائل ڈیوائسز تک بھی توسیع دی گئی ہے۔
اس فیچر کے استعمال کے لیے صارفین کو اسٹریٹ ویو تصویر کھول کر “See More Dates” کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد وہ مختلف مقامات کی گزشتہ برسوں کی تصاویر دیکھ سکیں گے، تاہم دستیاب تصاویر کا انحصار مقام اور ریکارڈ شدہ ڈیٹا پر ہوگا۔
اس نئی سہولت کی بدولت صارفین یہ جان سکیں گے کہ ان کا علاقہ یا کوئی مخصوص مقام 10 سال یا اس سے بھی پہلے کیسا نظر آتا تھا، جس سے وقت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیچر نہ صرف معلوماتی ہے بلکہ صارفین کے لیے ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے اور مختلف مقامات کی تاریخی جھلک دیکھنے کا ایک دلچسپ ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔




















