Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار میں توسیع، نئی ٹائمنگ کا نوٹیفکیشن جاری

ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بندش کے اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

لاہور: پنجاب حکومت نے کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار میں توسیع کردی جب کہ نئی ٹائمنگ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے جب کہ ڈپارٹمنٹل اسٹورز، کریانہ اور جنرل اسٹورز کے لیے بھی رات 9 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔

شادی ہالز، مارکیز اور تقریباتی مقامات رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسٹورنٹس، کیفے، سینما اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بندش کے اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا، گرمی اور دن کے طویل دورانیے کے پیش نظر کاروباری اوقات میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کی منظوری سے نئے اوقاتِ کار فوری طور پر نافذ ہوگئے، فارمیسیز، اسپتال، کلینکس اور میڈیکل لیبارٹریز کو بندش کے اوقات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس پر نئے کاروباری اوقات لاگو نہیں ہوں گے، پیٹرول، سی این جی اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو بھی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

جم، اسپورٹس فیسلٹیز اور پیڈل کورٹس معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو کاروباری اوقات کی پابندی سے استثنیٰ ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کا فیصلہ عوامی سہولت اور موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں