موبائل صارفین کی بڑی تعداد اکثر ڈیٹا اور بیلنس ختم ہونے کی شکایت کرتی دکھائی دیتی ہے تاہم اب اس اہم مسئلے کا آسان سا حل پیش کیا جارہا ہے۔
موبائل صارفین اب مخصوص یو ایس ایس ڈی کوڈز کے ذریعے اپنی فعال ویلیو ایڈڈ سروسز (وی اے ایس) سبسکرپشنز آسانی سے چیک اور منظم کر سکتے ہیں۔
اس سہولت کے ذریعے صارفین معلوم کر سکیں گے کہ وہ کن اضافی سروسز کے سبسکرائبر ہیں اور غیر ضروری سروسز کو فوری طور پر بند بھی کر سکیں گے۔
یہ اقدام ان خفیہ یا بھولی ہوئی سبسکرپشنز کا پتا لگانے میں مدد دے گا جو خاموشی سے آپ کا ڈیٹا یا بیلنس خرچ کر سکتی ہیں۔
سبسکرپشن چیک کرنے کے کوڈز
Jazz اور Zong صارفین: *6611#
Telenor Pakistan صارفین: *4444#
Ufone صارفین: *6869#
جاز صارفین SIMOSA کے ذریعے بھی اپنی VAS سروسز کو شفاف انداز میں منظم کر سکتے ہیں اور ضرورت کے مطابق انہیں فعال یا غیر فعال کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت اس ہدایت کے تحت متعارف کرائی گئی ہے جو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ملک بھر کی تمام موبائل کمپنیوں کو جاری کی ہے تاکہ صارفین کو اپنی ویلیو ایڈڈ سروسز کی معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
اس اقدام کے فوائد
غیر ضروری کٹوتیوں سے بچاؤ
خفیہ یا غیر مطلوبہ سبسکرپشنز کی نشاندہی
موبائل اکاؤنٹ پر زیادہ کنٹرول
سروسز کی بہتر نگرانی
صارفین کے حقوق کا تحفظ
PTA نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنی فعال سروسز کا جائزہ لیتے رہیں اور ایسی سروسز بند کر دیں جن کی انہیں مزید ضرورت نہیں ہے۔
ٹیلی کام ریگولیٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور موبائل سروسز پر صارفین کے کنٹرول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔




















