Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیس بک مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی، ڈالرز کمانا آسان ہوگیا

اس سے قبل مونیٹائزیشن کے لیے نسبتاً سخت قوانین موجود تھے

دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں تاریخی اور اہم تبدیلیاں متعارف کرواتے ہوئے آمدن حاصل کرنے کے عمل کو نسبتاً آسان بنا دیا ہے۔

یہ تبدیلی پاکستان میں فیس بک کانٹینٹ کریئیٹرز اور ڈیجیٹل مارکیٹرز کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند خبر کے طور پر سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی اپڈیٹ کے تحت اب کچھ مخصوص پیجز اور پروفائلز کو کم وقت میں مونیٹائزیشن کے لیے اہل قرار دینے کا نیا معیار متعارف کرایا گیا ہے اس تبدیلی کو ڈیجیٹل کریئیٹرز کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق اگر کوئی صارف اپنے فیس بک پیج پر 28 دنوں کے اندر 300,000 (تین لاکھ) ویوز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اسے فیس بک کے کانٹینٹ مونیٹائزیشن ٹول تک رسائی دی جا سکتی ہے جس کے ذریعے وہ ویڈیوز اور دیگر مواد سے آمدن حاصل کر سکتا ہے۔

اس سے قبل مونیٹائزیشن کے لیے نسبتاً سخت شرائط و قوانین موجود تھے جن میں کم از کم 10 ہزار فالوورز، 6 لاکھ منٹ کا واچ ٹائم اور باقاعدہ ویڈیو اپلوڈنگ کی شرائط شامل تھیں۔ ان سخت معیار کے باعث نئے اور چھوٹے کریئیٹرز کے لیے پلیٹ فارم سے آمدن حاصل کرنا مشکل سمجھا جاتا تھا۔

ڈیجیٹل میڈیا ماہرین کے مطابق اس تبدیلی سے نئے کریئیٹرز اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے لیے آمدن کے مواقع بڑھ سکتے ہیں تاہم ماہرین یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ فیس بک کی کمیونٹی گائیڈلائنز، کاپی رائٹ قوانین اور دیگر پالیسیوں پر عملدرآمد بدستور لازمی ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق یہ نیا مونیٹائزیشن ماڈل فی الحال تمام صارفین کے لیے یکساں طور پر دستیاب نہیں ہے اسے ابتدائی طور پر محدود اکاؤنٹس پر آزمایا جا رہا ہے اور مستقبل میں مرحلہ وار طور پر مزید صارفین تک توسیع دی جا سکتی ہے۔

فیس بک کی یہ پالیسی تبدیلی ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع پیدا کرنے کی ایک کوشش قرار دی جا رہی ہے تاہم اس کے اثرات مکمل طور پر اس کے وسیع پیمانے پر اجرا کے بعد ہی واضح ہوں گے۔