دنیا بھر میں بے حد مقبول ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) 6 کی پری آرڈر بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ گیم بنانے والی کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس کی روایتی ڈسک دستیاب نہیں ہوگی۔
کمپنی کے مطابق جی ٹی اے 6 19 نومبر کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز کے لیے جاری کی جائے گی۔ معیاری ایڈیشن کی قیمت 80 ڈالر جب کہ خصوصی ایڈیشن کی قیمت 100 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
خصوصی ایڈیشن خریدنے والوں کو گیم کے اندر اضافی گاڑیاں، لباس، ہتھیار اور خصوصی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔
اعلان کے مطابق جو صارفین پری آرڈر بکنگ کرائیں گے انہیں ایک خصوصی پیکج بھی دیا جائے گا جس میں 1980 کی دہائی کے انداز سے متاثر مختلف اشیا شامل ہوں گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی فروخت کے دوران گیم کی فزیکل ڈسک فراہم نہیں کی جائے گی۔ دکانوں سے خریدی جانے والی کاپیوں میں صرف ڈاؤن لوڈ کوڈ موجود ہوگا جس کے ذریعے صارفین گیم حاصل کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کا مقصد گیم کے مواد کو مقررہ تاریخ سے پہلے منظر عام پر آنے سے روکنا اور پیداواری اخراجات میں کمی لانا ہے۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ گیم کے آغاز پر صرف ایک کھلاڑی کے لیے کہانی پر مبنی انداز دستیاب ہوگا جب کہ آن لائن ملٹی پلیئر ورژن فوری طور پر شامل نہیں کیا جا رہا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ گیم رواں سال تفریحی صنعت کی سب سے بڑی کامیابی ثابت ہوسکتی ہے۔
اندازہ لگایا جارہا ہے کہ پہلے سال کے دوران اس کی 4 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوسکتی ہیں جب کہ ایک ماہر کے مطابق صرف پری آرڈر بکنگ سے ایک گھنٹے کے اندر ایک ارب ڈالر تک آمدنی حاصل ہونے کا امکان ہے۔
نئی گیم کی کہانی ایک خیالی امریکی ریاست اور مشہور شہر ’’وائس سٹی‘‘ میں پیش کی جائے گی، جہاں دو مرکزی کردار جرائم کی دنیا سے نکل کر نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اگرچہ گیم کی تیاری کے دوران تاخیر، معلومات کے افشا ہونے اور بعض قانونی تنازعات جیسے مسائل سامنے آئے تاہم شائقین میں اس کے لیے جوش و خروش مسلسل بڑھ رہا ہے اور اسے ویڈیو گیمز کی تاریخ کے سب سے بڑے آغاز میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔




















