Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر، پی ٹی اے نے وجہ بتادی

سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر۔

اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں اچانک کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل سامنے آنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق سب میرین کیبل میں فنی خرابی کی وجہ سے ملک بھر کے بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی وجوہات کا تعین اور اسے دور کرنے کے لیے کام کررہی ہے تاکہ متاثرہ سروسز کو جلد از جلد بحال کیا جاسکے۔

 

پی ٹی اے نے بتایا کہ خرابی کے باوجود انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا جارہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بلا تعطل سروس فراہم کی جاسکے اور انٹرنیٹ سروسز کا تسلسل برقرار رہے۔

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور انٹرنیٹ سروسز کی جلد بحالی کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں سے رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔

پی ٹی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں معمول کی انٹرنیٹ سروسز کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔