حیران کن رعایت کے ساتھ ایک کھلاڑی نے جی ٹی اے 6 کی 80 ڈالر کی گیم صرف 2 ڈالر میں حاصل کرلی۔
ایک کھلاڑی نے مشہور ویڈیو گیم جی ٹی اے 6 کی نئی قسط تقریباً 80 ڈالر میں بک کرنے کے بجائے صرف 2 ڈالر سے کچھ زیادہ میں حاصل کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس کھلاڑی نے مختلف اسٹور کریڈٹ، پہلے سے جمع شدہ ریوارڈز اور ایک اضافی رعایتی کوپن کو ملا کر گیم کی اصل قیمت میں غیر معمولی کمی حاصل کی۔
اس طرح اسے تقریباً 78 ڈالر کی بچت ہوئی جو مجموعی قیمت پر 97 فیصد سے زائد رعایت کے برابر بنتی ہے۔
یہ صارف کچھ عرصہ قبل ایک بڑی گیمنگ کنسول خرید چکا تھا جس پر اسے اسٹور کی جانب سے کیش بیک اور ریوارڈ پوائنٹس ملے تھے تاہم وہ ان ریوارڈز کو استعمال کرنا بھول گیا تھا۔
جب اس نئی گیم کی پیش گی بکنگ شروع ہوئی تو اس نے اپنے اکاؤنٹ کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ جمع شدہ ریوارڈز کی مدد سے وہ زیادہ تر قیمت کم کرسکتا ہے۔ بعد ازاں ایک اضافی ڈسکاؤنٹ کوپن استعمال کرکے اس نے گیم کی قیمت صرف 2 ڈالر سے کچھ زیادہ کردی۔
کھلاڑی نے دیگر صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ خریداری سے پہلے اپنے اسٹور اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈ ریوارڈز اور کیش بیک بیلنس ضرور چیک کریں کیونکہ اکثر صارفین کو پہلے سے ایسی رعایتیں حاصل ہوتی ہیں جن کا انہیں علم نہیں ہوتا۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ دیگر صارفین بھی مختلف آن لائن ریوارڈ سسٹمز کے ذریعے گیم کی قیمت کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم مکمل رعایت ہر صارف کے اکاؤنٹ اور خریداری پر منحصر ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ جی ٹی اے 6 کے مختلف ایڈیشنز کی قیمت بھی سامنے آئی ہے جس میں عام ایڈیشن کی قیمت تقریباً 80 ڈالر جب کہ خصوصی ایڈیشن 100 ڈالر کے قریب ہے۔ گیم کی پیش گی بکنگ شروع ہوچکی ہے اور اسے رواں سال نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔




















