Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیرون ملک ہوسٹ سرکاری ویب سائٹس کو مرحلہ وار پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ

سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی کے نظام لازمی ہوں گے

حکومت نے بیرون ملک ہوسٹ کی گئی سرکاری ویب سائٹس کو مرحلہ وار پاکستان میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک تیار کر لیا ہے دستاویزات کے مطابق سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی مقامی ڈیٹا سنٹرز میں منتقلی کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی کے نظام لازمی ہوں گے۔

 سرکاری اداروں کو محفوظ بیک اپ، سیکیورٹی کمزوریوں کی باقاعدہ جانچ، مستقل سائبر نگرانی اور سالانہ تھرڈ پارٹی سکیورٹی آڈٹ کرانے کا بھی پابند بنایا جائے گا۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا سینٹرز میں سکیورٹی آپریشنز سینٹر ایس او سی اور جدید سائبر مانیٹرنگ سسٹمز کا نفاذ بھی ضروری ہوگا تاکہ سائبر حملوں کا بروقت پتہ لگا کر ان کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔

سرکاری ای میل سروسز کے لیے فشنگ، اسپام اور مال ویئر سے تحفظ کے جدید انتظامات لازمی قرار دیے گئے ہیں جبکہ انتظامی اور ویب میل رسائی کے لیے ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن ایم ایف اے نافذ کرنا بھی ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ ای میل سسٹمز میں بیک اپ، آرکائیونگ اور ڈومین تصدیقی ٹیکنالوجیز کے نفاذ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

فریم ورک کے تحت تمام سرکاری ویب ایپلی کیشنز کو مضبوط تصدیقی نظام اور محفوظ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے اصولوں کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔ ان ایپلی کیشنز کی باقاعدہ سکیورٹی جانچ، پینیٹریشن ٹیسٹنگ اور خامیوں کا بروقت ازالہ بھی لازمی ہوگا۔

دستاویز کے مطابق سرکاری ادارے اپنے ڈویلپرز، ہوسٹنگ کمپنیوں اور کلاؤڈ سروس فراہم کنندگان کی سکیورٹی ذمہ داریوں کی نگرانی کے بھی پابند ہوں گے تاکہ سرکاری ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ہر سطح پر محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید برآں، ڈیٹا سینٹرز میں بیک اپ پاور، جنریٹرز اور ماحولیاتی نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، جبکہ آگ، سیلاب، پانی کے اخراج اور دیگر ماحولیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات بھی لازمی ہوں گے۔ فریم ورک کے مطابق ماحولیاتی کنٹرول سسٹمز کی باقاعدہ جانچ، دیکھ بھال اور کسی بھی واقعے کی تحقیقات کو بھی خطرات کے انتظام کا لازمی حصہ قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں