Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ میں ’’گروک‘‘ مفت دستیاب

یہ پیش رفت مائیکروسافٹ کے اپنے مصنوعی ذہانت معاون کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوسکتی ہے۔

ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنی نے اپنے ذہین معاون گروک کو مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ میں مفت شامل کردیا ہے جس کے بعد صارفین انہی پروگراموں کے اندر رہتے ہوئے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مختلف کام انجام دے سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق گروک اب مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ کے لیے مفت اضافی سہولت کے طور پر دستیاب ہے۔

مائیکروسافٹ ورڈ میں یہ نوٹس کو مکمل دستاویز میں تبدیل کرنے، نئی تحریر تیار کرنے، گرامر اور زبان کی غلطیاں درست کرنے، تحریر کو مزید مؤثر بنانے اور مختلف ذرائع سے معلومات شامل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

مائیکروسافٹ ایکسل میں صارفین عام زبان میں سوال پوچھ کر فارمولے تیار کراسکتے ہیں، اعداد و شمار کا تجزیہ کرسکتے ہیں اور مختلف امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں جس سے پیچیدہ کام پہلے کے مقابلے میں آسان ہوجائیں گے۔

اسی طرح مائیکروسافٹ پاور پوائنٹ میں گروک نئی پریزنٹیشنز تیار کرنے، موجودہ پریزنٹیشنز میں ترمیم کرنے اور پیشہ ورانہ معیار کا مواد بنانے میں معاونت فراہم کرے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت مائیکروسافٹ کے اپنے مصنوعی ذہانت معاون کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ جہاں کمپنی اپنی مربوط مصنوعی ذہانت کی سہولت کے لیے صارفین سے فیس وصول کرتی ہے وہیں گروک ابتدائی طور پر مفت دستیاب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کاروباری اداروں کو سیکیورٹی، معلومات کے تحفظ، انتظامی سہولیات اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا بھی جائزہ لینا ہوگا تاہم مفت دستیابی کے باعث گروک بڑی تعداد میں صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔

اس نئی پیش رفت سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مقابلہ مزید بڑھنے اور دفتری کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔