Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسکرین ٹائم کم کرنے کے لیے نیا فلپ فون متعارف

ڈیوائس میں 50 میگا پکسل کیمرا، ہیڈفون جیک، یو ایس بی -سی چارجنگ پورٹ، نینو سم اور ای سم کی سہولت بھی موجود ہے

لائٹ نامی کمپنی نے ایک نیا فلپ فون متعارف کرایا ہے جس کا مقصد لوگوں کو موبائل کم استعمال کرنے کی عادت میں مدد دینا ہے۔

یہ فون پرانے زمانے کے فولڈ ہونے والے فون سے ملتا جلتاہے۔ اسے کھولنے پر 2.8 انچ کی سیاہ و سفید اسکرین اور بٹن والا کی پیڈ (ٹی 9) نظر آتا ہے۔ اس میں ٹچ اسکرین نہیں ہے تاکہ صارف بار بار فون استعمال نہ کرے۔

اس سادہ ڈیوائس میں 50 میگا پکسل کیمرا، ہیڈفون جیک، یو ایس بی -سی چارجنگ پورٹ، نینو سم اور ای سم کی سہولت بھی موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق آج کل بہت سے لوگ اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ یہ فون اسی مسئلے کا حل پیش کرتا ہے تاکہ لوگ صرف ضرورت کے وقت ہی فون استعمال کریں۔

اس فون میں لائٹ او ایس  نامی سادہ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جس میں غیر ضروری ایپس اور سوشل میڈیا فیڈ موجود نہیں اس کا مقصد صارف کی توجہ بٹنے سے بچانا ہے۔

کمپنی نے عام ڈویلپرز کو بھی اجازت دی ہے کہ وہ اس فون کے لیے مفید ایپس، جیسے لغت، ای بک ریڈر، میوزک ایپ اور میٹرونوم تیار کریں یہ ایپس مفت دستیاب ہوں گی۔

کمپنی کے بانیوں کا مشورہ ہے کہ اگر آپ موبائل کم استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اپنے لیے ایسے کاموں کی فہرست بنائیں جو آپ زیادہ کرنا چاہتے ہیں جیسے کتاب پڑھنا، کوئی ہنر سیکھنا یا گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا۔ اس کے علاوہ کوشش کریں کہ گھر میں موبائل صرف ایک مخصوص جگہ پر استعمال کریں۔

لائٹ فلپ کی قیمت 299 امریکی ڈالر ہے جبکہ امریکہ میں یہ 39 ڈالر ماہانہ کے انسٹالمینٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔ اس کی بکنگ شروع ہو چکی ہے تاہم اپریل 2027 سے اس کی فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں