یوٹیوب نے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے کمائی کے قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا اب چینل مونیٹائز کرانا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوگا۔
دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے لاکھوں افراد ویڈیوز کے ذریعے آمدنی حاصل کر رہے ہیں تاہم اب نئے کریئیٹرز کو یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) میں شامل ہونے کے لیے مزید بڑے اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔
یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے ذریعے صارفین اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور مرچنڈائز سمیت مختلف ذرائع سے پیسے کما سکتے ہیں لیکن ان سہولیات تک رسائی کے لیے مخصوص شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت یوٹیوب مونیٹائزیشن کے لیے طویل ویڈیوز دیکھے جانے کے وقت کی شرط بڑھا دی گئی ہے۔ پہلے کسی چینل کو ایک ہزار سبسکرائبرز کے ساتھ گزشتہ 12 ماہ میں 4 ہزار گھنٹے واچ ٹائم درکار تھا تاہم اب یہ حد بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردی گئی ہے۔
اسی طرح یوٹیوب شارٹس کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے لیے بھی معیار سخت کردیا گیا ہے۔ اب کریئیٹرز کو گزشتہ 90 دن کے دوران شارٹس ویڈیوز پر 2 کروڑ (20 ملین) سے زائد ویوز حاصل کرنا ہوں گے جبکہ اس سے پہلے یہ شرط ایک کروڑ ویوز تھی۔
یوٹیوب کے مطابق نئی تبدیلیوں کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا تاہم جو صارفین پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، ان پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں شارٹس سے کمائی جاری رکھنے کے لیے بھی کریئیٹرز کو مقررہ مدت میں ایک کروڑ ویوز کی حد برقرار رکھنا ہوگی۔
اگر کوئی صارف یہ معیار برقرار نہ رکھ سکا تو وہ پارٹنر پروگرام میں شامل تو رہے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرسکے گا لیکن شارٹس سے کمائی دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسے مقررہ ویوز کا ہدف پورا کرنا ہوگا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں پلیٹ فارم کے معیار اور ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں روزانہ 200 ارب سے زائد یوٹیوب شارٹس دیکھی جاتی ہیں، جبکہ صرف ٹی وی اسکرینز پر ہی روزانہ تقریباً ایک ارب گھنٹے کے برابر ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق نئی شرائط خاص طور پر نئے کریئیٹرز اور شارٹس پر انحصار کرنے والے چینلز کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوسکتی ہیں، کیونکہ اب یوٹیوب پر کمائی کے لیے صرف ویڈیوز اپ لوڈ کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ مسلسل بڑی تعداد میں ناظرین حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔




















