Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر ٹرمپ تیکھے سوالوں پر شدید برہم، لائیو انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے، ویڈیو دیکھیں

صدر ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک عظیم نہیں بن سکتا جب تک اس کے پاس دیانت دار میڈیا موجود نہ ہو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران شدید برہم ہو گئے اور این بی سی نیوز کی سینئر صحافی کرسٹین ویلکر کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد اچانک انٹرویو ختم کرکے وہاں سے چلے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پروگرام  میٹ دی پریس کے لیے ہونے والے تفصیلی انٹرویو میں ٹرمپ نے ایک بار پھر 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے اپنے دعوے کو دہرایا اور کہا کہ ایسا ہی کچھ اب کیلی فورنیا کے گورنر کے انتخاب میں بھی ہو رہا ہے۔

گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کیلیفورنیا میں ووٹوں کی گنتی کے عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کئی دن گزرنے کے باوجود نتائج مکمل نہیں ہو سکے جو ان کے بقول انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

جب کرسٹین ویلکر نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت موجود ہے تو ٹرمپ نے جواب دیا مجھے صرف دیکھنا ہوتا ہے۔

 

انٹرویو کے دوران ماحول اس وقت مزید کشیدہ ہو گیا جب صدر ٹرمپ نے انتخابی حکام کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے این بی سی نیوز، میٹ دی پریس، سی این این اور دیگر امریکی نشریاتی اداروں پر جانبداری کے الزامات عائد کیے۔

ٹرمپ نے ویلکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ یا تو بدعنوان ہیں یا پھر بے وقوف۔ اس پر اینکر نے جواب دیا کہ منصفانہ بات یہ ہے کہ میں بدعنوان نہیں ہوں۔ تاہم صدر اپنے مؤقف پر قائم رہے اور میڈیا کو انتخابی معاملات میں جانبدار قرار دیتے رہے۔

گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکی انتخابی نظام تیسری دنیا کے ممالک جیسا بن چکا ہے اور کئی بڑے میڈیا ادارے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

بحث طول پکڑنے کے بعد صدر ٹرمپ نے اچانک انٹرویو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ بس بہت ہو گیا اب یہیں ختم کرتے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا مائیک اتارا زمین پر پھینکا اور نشست چھوڑ کر چلے گئے۔

کرسٹین ویلکر نے یاد دلایا کہ وہ اس انٹرویو کے لیے طویل سفر طے کرکے وسکونسن پہنچی ہیں تاہم ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ انہیں پہلے ہی کافی وقت دے چکے ہیں۔

واک آؤٹ سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک عظیم نہیں بن سکتا جب تک اس کے پاس دیانت دار میڈیا موجود نہ ہو۔

متعلقہ خبریں