امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق عراق کے شہر اربیل میں واقع امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں ریڈار نظام کو ہدف بنایا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے نزدیک موجود امریکی بحری جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، خطے میں 18 اہم امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں علی السالم اور احمد الجابر ایئر بیسز جبکہ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا، میزائل اور ڈرون آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کرتا ہے تو ایران خطے میں اپنے مفادات کے دفاع کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔




















