Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کا 39 بار ایک ہی دعویٰ، غیر ملکی نشریاتی ادارے نے یکجا کرکے ویڈیو وائرل کردی

حالیہ بیان میں بھی ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے

 امریکی سیاست ایک بار پھر اس وقت بحث کی زد میں آ گئی جب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ معاہدے سے متعلق بار بار کیے گئے بیانات پر سی این این کی ایک خصوصی مونتاج ویڈیو سامنے آ گئی جس نے آن لائن پلیٹ فارمز پر ہلچل مچا دی۔

سی این این کے معروف اینکر اینڈرسن کوپر نے اپنے پروگرام میں ٹرمپ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر ایک بار پھر ایران کے ساتھ ڈیل قریب ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں تاہم یہ کوئی نئی بات نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اینڈرسن کوپر نے نشاندہی کی کہ ٹرمپ مختلف مواقع پر کم از کم 39 مرتبہ یہ مؤقف دہرا چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ کسی بڑے معاہدے یا سفارتی پیش رفت کے امکانات قریب ہیں۔

 

اسی حوالے سے سی این این کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو میں مختلف تقاریر، انٹرویوز اور عوامی خطابات کے کلپس شامل کیے گئے ہیں جن میں ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات، ممکنہ امن معاہدے اور سفارتی پیش رفت کا عندیہ دیتے نظر آتے ہیں۔

حالیہ بیان میں بھی ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد مثبت پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

تاہم اس دعوے پر ردعمل بھی تقسیم ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے بیانات سامنے آتے رہے ہیں لیکن عملی سطح پر نمایاں پیش رفت نہ ہو سکی۔ دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی دروازے اب بھی کھلے ہیں اور مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے امکانات موجود ہیں۔

سی این این کی اس رپورٹ اور ویڈیو مونتاج کے بعد سوشل میڈیا پر بحث تیز ہو گئی ہے کہ آیا ٹرمپ اس بار واقعی کسی بڑے معاہدے کے قریب ہیں یا یہ دعویٰ بھی سابقہ بیانات کی ایک کڑی ہے۔