Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معاہدے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے اپنے نقصانات کو بھلادیا، اسماعیل بقائی

ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط جمعہ کے روز جنیوا میں کیے جائیں گے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ معاہدے پر پہنچنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے اپنے نقصانات کو بھلادیا، شہید ہونے والے ایرانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ معاہدے پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور یہ معاہدہ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے پر دستخط جمعہ کے روز جنیوا میں کیے جائیں گے جب کہ عمان کی مدد سے آبنائے ہرمز کی گزرگاہ کو محفوظ بنائیں گے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق معاہدے پر پہنچنے کا مطلب یہ نہیں کہ ایران نے اپنے نقصانات کو بھلادیا ہے بلکہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات اور اثاثوں کی بحالی سمیت معاوضے کا معاملہ بھی مذاکرات کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا یہ حق ہے کہ وہ امریکی اور صہیونی حملوں میں ہونے والے نقصانات کا معاوضہ طلب کرے۔ ایران نے جنگ کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں اور عوام نے قیادت کے ساتھ مکمل اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایران ہر صورت معاہدے کی پاسداری کرے گا تاہم امریکا کو بھی اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری اور سیکیورٹی کے بغیر کوئی بھی معاہدہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ لبنان میں جنگ کا خاتمہ اس مفاہمتی یادداشت کا بنیادی حصہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت میں رہائشی عمارتوں پر حملوں میں شہریوں کی شہادت افسوسناک ہے اور صہیونی ریاست لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسماعیل بقائی کہتے ہیں کہ ایران، امریکا معاہدے میں لبنان بھی شامل ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایران اپنے فیصلے پر قائم رہا اور صہیونی ریاست کو اپنے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے عالمی اداروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مؤثر مذمت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے ان شہریوں اور قیادت کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے امریکی و صہیونی حملوں کے دوران قربانیاں دیں۔