Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یوکرین پر روسی ڈرونز اور میزائلوں کی بارش، تاریخی مذہبی مقام بھی متاثر، 11 افراد ہلاک

کیف کے متعدد رہائشی علاقوں میں تباہی کے مناظر دیکھے گئے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں

یوکرین ایک بار پھر روسی حملوں کی زد میں آ گیا ہے جہاں رات گئے ہونے والے شدید فضائی حملوں نے بڑے شہروں کو ہلا کر رکھ دیا۔ حکام کے مطابق روس کی جانب سے داغے گئے سیکڑوں ڈرونز اور درجنوں میزائلوں نے دارالحکومت کیف اور شہر خارکیف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حملوں کے دوران شہری علاقوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی جبکہ ایک عالمی شہرت یافتہ تاریخی و مذہبی مقام بھی متاثر ہوا جسے یوکرینی حکام نے ثقافتی ورثے پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔

صدر ولودیمیر زیلنسکی کے مطابق یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب وہ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن الگ الگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کر چکے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سفارتی کوششوں کے باوجود جنگ کی شدت کم ہونے کے آثار نہیں۔

کیف کے متعدد رہائشی علاقوں میں تباہی کے مناظر دیکھے گئے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ امدادی ٹیمیں رات بھر زخمیوں کو نکالنے میں مصروف رہیں۔

زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے واضح کرتے ہیں کہ روس جنگ جاری رکھنے کے ارادے رکھتا ہے اور عالمی برادری خصوصاً G7 ممالک کو فوری اور سخت ردعمل دینا ہوگا۔

ادھر آنے والے G7 اجلاس میں یوکرین کی صورتحال مرکزی موضوع بننے کا امکان ہے جہاں زیلنسکی مغربی ممالک سے فضائی دفاعی نظام اور مزید مدد کی اپیل کریں گے۔