خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران ایران کے جزائر قشم اور کیش میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ کویتی میڈیا کے مطابق ملک میں احتیاطی اقدامات کے تحت خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ جزیرہ کیش میں بھی امریکی پروجیکٹائل پھٹنے سے دھماکے ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی میزائل پانی اور بجلی کی تنصیبات پر گرے، تاہم ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق عمانی ساحلی علاقے میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
کویتی فوج کے مطابق ملک میں سنے گئے دھماکے فضائی دفاعی نظام کی کارروائیوں کا نتیجہ تھے جبکہ مسلح افواج فضائی حملوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
خلیج فارس کی موجودہ صورتحال کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔




















