ایران کے ساتھ جنگ کے بعد امریکا کو ہونے والے مالی اور جانی نقصانات سے متعلق اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق اس تنازع کی مجموعی لاگت 150 ارب ڈالر تک پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے دوران امریکا کے لیے سرکاری اخراجات کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر لگایا گیا تاہم دیگر مالی نقصانات اور جنگی اثرات کو شامل کرنے کے بعد مجموعی لاگت 150 ارب ڈالر تک بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ میں امریکا کے 14 فوجی جبکہ اسرائیل کے 26 افراد ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب ایران میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 701 بتائی گئی ہے جبکہ تقریباً 26 ہزار 500 افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکا کے 414 افراد جبکہ اسرائیل کے تقریباً 7 ہزار 800 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول کی 157 طالبات بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
تاہم جنگی نقصانات سے متعلق یہ اعداد و شمار متعلقہ ذرائع کے دعوؤں پر مبنی ہیں اور ان کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔
ماہرین کے مطابق جنگوں کے اصل مالی اور انسانی اثرات کا اندازہ اکثر تنازع ختم ہونے کے بعد مکمل طور پر سامنے آتا ہے کیونکہ نقصانات میں فوجی اخراجات کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر، معیشت اور انسانی بحران بھی شامل ہوتے ہیں۔




















