امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی عوامی مقبولیت سے متعلق سامنے آنے والے سرویز کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے اصل پولنگ نمبرز ماضی کے مقابلے میں سب سے بہتر ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی مقبولیت میں اضافے کی وجہ ان کی حکومت کے اقدامات ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر ٹیکس میں کمی، روزگار کے مواقع، امریکا میں ریکارڈ سرمایہ کاری اور سرحدی سیکیورٹی شامل ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا کو عالمی سطح پر زیادہ احترام حاصل ہوا ہے اور ان کی انتظامیہ نے خارجہ پالیسی کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام، وینزویلا سے متعلق پالیسی اور دیگر عالمی معاملات کو بھی اپنی حکومت کی کامیابیوں میں شمار کیا۔
امریکی صدر نے ناقدین اور بعض میڈیا اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے پولز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مسترد کیا اور اپنے حامیوں سے ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی پالیسیوں سے امریکا میں معاشی بہتری اور عالمی سطح پر ملک کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔




















