Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید کالیبر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

یہ میزائل جنگی جہازوں اور آبدوزوں سے بھی فائر کیے جاسکتے ہیں

روس نے جدید کالیبر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق پیسیفک فلیٹ کی مشقوں کے دوران روسی بحریہ کے جنگی جہاز گریمیایشچی کارویٹ سے کالیبر کروز میزائل فائر کیا گیا، جس نے مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

وزارت دفاع کے مطابق میزائل کو آواچا بے سے لانچ کیا گیا، جس نے تقریباً 1300 کلومیٹر (808 میل) کا فاصلہ طے کرتے ہوئے کامچاٹکا کے علاقے میں واقع کورا ٹیسٹنگ رینج پر ہدف کو نشانہ بنایا۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ پیسیفک فلیٹ کی جاری فوجی مشقوں کا حصہ تھا۔

کالیبر میزائل سسٹم روس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید کروز میزائلوں میں شامل ہے، جو سمندری اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل جنگی جہازوں اور آبدوزوں سے بھی فائر کیے جاسکتے ہیں۔

روسی بحریہ میں کالیبر میزائل سسٹم 2010 کی دہائی سے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی مار کرنے کی صلاحیت ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ بتائی جاتی ہے، جس کے باعث یہ روسی بحری طاقت کا اہم ہتھیار تصور کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں