Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی صدر کا امریکا کو پیغام، مذاکرات کو مفاہمت کیلئے بہترین موقع قرار دے دیا

‘امریکا اور اسرائیل طاقت سے ایران کو جھکا نہیں سکتے’

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری نے امریکا کو ایران کے ساتھ مفاہمت کی جانب آنے پر مجبور کیا موجودہ صورتحال دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے موزوں ترین وقت ہے۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کو ایران اور عمان کی جانب سے تیار کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا تھا تاہم واشنگٹن نے ایسا نہیں کیا جس کے بعد ایران کو اپنا ردعمل دینا پڑا۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں معاہدے کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے، ایران اپنی خودمختاری، وقار اور قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ آگے بڑھے گا۔

ایرانی صدر نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے اسے “استعماری طاقت” قرار دیا اور کہا کہ واشنگٹن کے حوالے سے ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ امریکا اور اسرائیل اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ صرف طاقت کے استعمال سے ایرانی عوام کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخالف قوتیں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے اندرونی اختلافات، تقسیم اور تنازعات کو استعمال کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں تاہم قومی اتحاد اور مزاحمت ہی ایران کی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط رکھنے کا ذریعہ ہیں۔

متعلقہ خبریں