نیپال کے ہمالیائی سرحدی علاقے میں تباہ کن فلیش فلڈ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 547 تک پہنچ گئی جبکہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔
چینی حکام کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بننے والی ایک جھیل کے بھر کر بہہ جانے کا خدشہ ہے، جس سے مزید تباہی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ایک گلیشیئر کے ٹوٹنے سے اچانک آنے والی شدید سیلابی لہر نے گھروں اور سڑکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ نیپال اور تبت کے درمیان اہم سرحدی گزرگاہ بھی تباہ ہوگئی۔
نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے سے 100 سے زائد غیر ملکی شہریوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، تاہم لاپتا غیر ملکیوں کی تعداد بڑھ کر 575 ہوگئی ہے۔
نیپال پولیس کے مطابق 36 ممالک کے شہری لاپتا افراد میں شامل ہیں، جن میں 183 بھارتی، 65 امریکی، 62 یوکرینی اور 33 برطانوی شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں موجود 149 نیپالی سیاح بھی لاپتا ہیں۔
ادھر چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں بھی سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جہاں 5 افراد ہلاک اور 558 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ تبت کے اعداد و شمار نیپال کی مجموعی تعداد میں شامل ہیں یا الگ ہیں۔
لاپتا برطانوی شہریوں میں شامل ایک خاتون کے بھائی نے مقامی حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کی بہن کو تلاش کرنے میں مدد کی جائے۔ ریسکیو ٹیمیں خطرناک صورتحال کے باوجود لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔


















