Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلپائنی کسٹمز کی بڑی کارروائی، افغانستان سے اسمگل شدہ منشیات کی بھاری کھیپ ضبط

برآمد شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 51 لاکھ امریکی ڈالر ہے

افغان طالبان کے زیر قبضہ افغانستان منشیات اسمگلنگ کا گڑھ بن چکا ہے، نارکو ٹریڈ کا پھیلتا جال خطے کے لیے سنگین خطرہ بن گیا، فلپائنی کسٹمز حکام نے منیلا انٹرنیشنل کنٹینر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن بیورو آف کسٹمز اور ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں دو کنٹینرز سے 43 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کرلی گئی۔ ایجنسی نے خفیہ اطلاعات پر افغانستان سے آنے والی مشتبہ کھیپ کی مکمل تلاشی لی جس سے منشیات برآمد ہوئیں۔

فلپائنی حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 51 لاکھ امریکی ڈالر ہے، منشیات کو ٹالکم اسٹون سے مشابہ پیکجز میں چھپا کر تجارتی سامان کےدرمیان رکھا گیا تھا۔

فلپائنی کسٹمز کمشنر ایریل نیپوموسینو کے مطابق سخت نگرانی، رسک مینجمنٹ اور مؤثر بارڈر کنٹرولز نے منشیات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم نے افغانستان کو نارکو اکانومی پر منحصر ایک ناکام ریاست میں تبدیل کردیا ہے، جب تک افغانستان میں ایک شفاف اور ذمہ دارنظام قائم نہیں ہوتا، خطے میں منشیات اسمگلنگ، نارکو ٹیررازم اور سیکیورٹی خطرات میں کمی آنا ناممکن ہے۔

متعلقہ خبریں