کولمبو: پاکستان باآسانی نمیبیا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا۔
پاکستان اور نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان گروپ اے کا میچ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے نمیبیا کو بآسانی شکست دے دی۔
پاکستان کے 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 17.3 اوورز میں 97 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جب کہ پاکستان نے 102 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
نمیبیا کی اننگز
نمیبیا کی جانب سے اسٹینکیمپ نے سب سے زیادہ 23 رنز بنائے جب کہ الیگزینڈر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، علاوہ ازیں کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صاحبزادہ فرحان کی دھواں دھار اننگز کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
صاحبزادہ فرحان 100 اور شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ یہ صاحبزادہ فرحان کی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری ہے جس کے بعد وہ وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔




















