Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ میں انتقال کرجانے والی خاتون کے اعضا کی مدد سے پہلی بار بچے کی پیدائش

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس نوعیت کے سو سے زیادہ آپریشن ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں پہلی بار ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی ماں کو ایک انتقال کرجانے والی خاتون کا تولیدی عضو لگا کر ماں بننے کا موقع ملا ہے۔

گریس بیل نامی خاتون پیدائشی طور پر اس عضو سے محروم تھیں جس میں بچہ پرورش پاتا ہے۔ اسی وجہ سے وہ قدرتی طور پر حمل نہیں ٹھہرا سکتی تھیں۔

کم عمری میں ہی انہیں بتادیا گیا تھا کہ وہ خود اپنے پیٹ سے بچہ پیدا نہیں کرسکیں گی جس کے بعد ان کے پاس محدود راستے رہ گئے تھے۔

سن 2024 میں آکسفورڈ کے ایک اسپتال میں طویل آپریشن کے بعد انہیں ایک ایسی خاتون کی بچہ دانی منتقل کی گئی جو وفات پاچکی تھیں۔ چند ماہ بعد خصوصی طبی طریقے سے حمل ٹھہرایا گیا۔ دسمبر 2025 میں لندن کے ایک اسپتال میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

گریس بیل نے اپنے بیٹے کو ’’قدرت کا معجزہ‘‘ قرار دیتے ہوئے عطیہ دینے والی خاتون کے اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ اس خاندان کو یاد کرتی ہیں کیونکہ ان کے فیصلے کی بدولت وہ ماں بن سکیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ کامیابی ایک تحقیقی پروگرام کا حصہ ہے۔ برطانیہ میں اس طرح کے چند آپریشن ہوچکے ہیں مگر انتقال کرجانے والی خاتون کے عطیے سے پیدا ہونے والا یہ پہلا بچہ ہے۔

اس سے پہلے ایک اور خاتون کو زندہ قریبی رشتہ دار کی بچہ دانی لگائی گئی تھی جس کے بعد وہ بھی ماں بنی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس نوعیت کے سو سے زیادہ آپریشن ہوچکے ہیں اور ستر سے زائد صحت مند بچوں کی پیدائش ممکن ہوئی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت ان خواتین کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو پیدائشی طور پر اس عضو سے محروم ہوتی ہیں۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر یہ جوڑا چاہے تو دوسرا بچہ بھی پیدا کرسکتا ہے تاہم بعد میں منتقل کی گئی بچہ دانی نکال دی جائے گا تاکہ خاتون کو عمر بھر طاقتور ادویات استعمال نہ کرنا پڑیں۔