Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی

 آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے آج رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی مثبت نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، مارجنز میں اضافے اور روزانہ قیمتوں کے نفاذ سمیت اہم مطالبات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث مذاکرات ناکام رہے۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن  نے آج اہم اجلاس بلا لیا، حکومت کے سامنے 3 مطالبات رکھ دیئے، مطالبات میں کہا گیا کہ پرافٹ مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھا کر 24 روپے کیا جائے۔

مطالبے میں مزید کہا گیا کہ آئل کمپنیوں کا پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے عائد کردہ کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار یا 15 دن میں تبدیل کی جائیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا نے تینوں مطالبات پر 7 روز کی مہلت مانگ لی۔