Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عباس عراقچی کا فیلڈ مارشل سے ٹیلی فونک رابطہ؛ جنگ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطے کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان گفتگو میں علاقائی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ حملوں سے متعلق اسرائیلی احکامات کو بھی خطرناک قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ عباس عراقچی نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی درخواست کی۔

اسحاق ڈار نے موجودہ صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کا تسلسل خطے میں مزید کشیدگی اور بحران سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران قریبی رابطے میں رہیں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں