ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صحت مند دل کے لیے غذائی انتخاب زیادہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دل کی صحت بہتر رکھنے کے لیے صرف کم کاربوہائیڈریٹ یا کم چکنائی والی غذا پر انحصار ضروری نہیں بلکہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ خوراک میں شامل اشیاء کا معیار کیا ہے۔
تحقیق میں تقریباً 2 لاکھ افراد کا 30 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔ اس دوران ان افراد کے کھانے پینے کے معمولات اور دل کی بیماریوں کے خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
نتائج کے مطابق وہ افراد جو متوازن اور معیاری غذا استعمال کرتے رہے، ان میں خون میں مفید کولیسٹرول کی سطح بہتر رہی جب کہ نقصان دہ چکنائی اور سوزش پیدا کرنے والے عناصر کی مقدار کم دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف اس بات پر توجہ دینا کافی نہیں کہ غذا میں کاربوہائیڈریٹ کم ہیں یا چکنائی کم ہے بلکہ یہ دیکھنا زیادہ ضروری ہے کہ خوراک میں قدرتی اور معیاری اجزاء شامل ہیں یا نہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر غذا میں زیادہ مقدار میں پراسیس شدہ اشیاء، جانوروں سے حاصل شدہ غیر صحت مند چکنائیاں اور غیر متوازن اجزاء شامل ہوں تو کم کاربوہائیڈریٹ یا کم چکنائی والی غذا بھی دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔
اس کے برعکس وہ افراد جو اپنی غذا میں سبزیاں، پھل، اناج اور صحت مند چکنائیاں شامل کرتے ہیں تو ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر کم پایا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ صحت مند غذا کے مختلف طریقے جسم میں ایک جیسے مثبت حیاتیاتی اثرات پیدا کرتے ہیں جس سے دل کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
تحقیق کے محققین کا کہنا ہے کہ غذائی منصوبہ بندی میں سخت پابندیوں کے بجائے خوراک کے معیار پر توجہ دینا زیادہ فائدہ مند ہے تاکہ افراد اپنی پسند کے مطابق بھی صحت مند غذا اپناسکیں۔
تاہم ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ نتائج خود رپورٹ شدہ غذائی معلومات اور صحت کے پیشہ ور افراد کے ڈیٹا پر مبنی ہیں، اس لیے مزید تحقیق کی ضرورت باقی ہے۔
ماہرین کے مطابق طویل مدتی مشاہدات سے یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ پراسیس شدہ خوراک سے اجتناب اور قدرتی اجزاء پر مبنی غذا دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔




















