Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی حملوں کے بعد ایران کا بھرپور جواب؛ امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو اس سے بھی سخت ردعمل دیا جائے گا، ایران

تہران: ایران نے امریکی حملوں کے بعد بھرپور جوابی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی فوجی کمان کے مرکز خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔ ایران نے خطے میں بعض امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا اور خبردار کیا کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو اس سے بھی سخت ردعمل دیا جائے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نقصان پہنچا جبکہ دو واٹر ٹینک بھی تباہ ہوئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ جوابی کارروائی کے دوران بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی اور حملوں کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جم کے علاقے میں امریکا کے ایک ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع امریکی الازرق فوجی اڈے پر بھی میزائل حملہ کیا اس کارروائی میں چار اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں ایف-35 طیاروں کے ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے اس کے علاوہ کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر بھی ڈرون حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ادھر کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے متحرک ہے اور فضائی حدود کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں