فیس بک دنیا کے مختلف حصوں میں اچانک بڑی خرابی کے باعث بندش کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس خرابی کے باعث فیس بک میسنجر بھی متاثر ہوا جب کہ ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں میں بھی مسائل سامنے آئے ہیں۔
میٹا کی دیگر سروسز جیسے انسٹاگرام اور واٹس ایپ زیادہ تر فعال رہیں تاہم کچھ حصوں میں، خاص طور پر انسٹاگرام کی ویب سائٹ پر بھی جزوی خرابیاں رپورٹ ہوئیں۔
اس دوران صارفین کو خودکار طور پر اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ کردیا گیا اور دوبارہ لاگ ان کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انہیں ’’غیر متوقع خرابی پیش آگئی‘‘ کا پیغام دکھایا جاتا رہا ہے۔
فیس بک کی مرکزی ویب سائٹ پر بھی یہی مسئلہ دیکھا گیا جہاں صارفین کو بتایا گیا کہ کچھ غلط ہوگیا ہے اور کمپنی اس مسئلے کو حل کرنے پر کام کررہی ہے۔
میٹا کی جانب سے صارفین کے لیے کوئی باقاعدہ اسٹیٹس اپ ڈیٹ پیج موجود نہیں ہے تاہم اس کی کاروباری سروسز کے لیے ایک نظام موجود ہے جو اس وقت اپڈیٹ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب خرابیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے بھی اسی دوران مسائل کی اطلاع دی اور بتایا کہ دنیا بھر میں فیس بک کی تمام سروسز متاثر ہوئی ہیں اور یہ مسئلہ صبح کے وقت اچانک سامنے آیا۔




















