امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹول یا اضافی فیس وصول نہیں کر رہا۔ ان کے مطابق اگر ایران کی جانب سے اس حوالے سے کسی ٹیکس یا وصولی کی اطلاعات سامنے آئیں تو امریکا فوری طور پر ایران سے مذاکرات ختم کر دے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ٹروتھ سوشل) پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا نے ایران کے منجمد فنڈز میں سے کوئی رقم جاری نہیں کی اور نہ ہی ایران کو کوئی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام فنڈز اب بھی مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران سے متعلق غلط معلومات پھیلائی گئیں تو مذاکرات فوری طور پر روک دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق امریکا ان منجمد فنڈز کو خود اپنے کنٹرول میں رکھے گا اور یہ رقم امریکی کسانوں اور زرعی شعبے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان فنڈز کے بدلے امریکی کسان مکئی، گندم اور سویابین فراہم کریں گے جو بعد میں ایران کو بھیجے جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران میں خوراک کی قلت کی صورتحال ہے، اور وہاں ضروری اشیاء کی فراہمی بھی امریکا سے ہی ممکن بنائی جائے گی۔


















