Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جارہے ہیں

نو محرم الحرام کےجلوس کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جار ہے ہیں۔

اسلام آباد،لاہور اورکراچی سمیت تمام شہروں میں سیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں،کئی مقامات پر جلوسوں کی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔

کراچی میں 9 محرم الحرم کا مرکزی جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

 جلوس سے قبل صبح 10 بجے نشتر پارک میں خطیب پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی مرکزی مجلس عزا سے خطاب کریں گے جبکہ ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے عزادار نماز ظہرین ادا کریں گے

جلوس روایتی راستوں سےہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہےکہ نو محرم الحرام کےجلوس کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جلوس کی سیکیورٹی کےلیے 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

جلوس کے راستے کے اطراف میں ٹریفک کی روانی بحال رکھنے لیے ٹریفک پولیس کی بھی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ رینجرز کے جوان بھی جلوس کی سیکیورٹی لیے اپنے فرائص انجام دینگے۔

جلوس کی گزرگاہوں سے متصل گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر جبکہ جلوس کی گزرگاہ میں آنے والی تمام مارکیٹیں اور دیگر دکانوں کو بھی سیل کردیا گیاہے۔

جلوس کے راستے میں بلند عمارتوں پر دوربین اور جدید اسلحہ سے لیس تربیت یافتہ اہلکار تعینات ہیں جلوس کے راستے کو بم ڈسپوزل کا عملے چیکنگ کے بعد جلوس انتظامیہ کے سپرد کردیاجائےگا۔

،لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا،جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پہنچے گا ۔

ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کی سی سی ٹی وی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا،جلوس کے راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔