Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیل اور لبنان میں مشروط جنگ بندی کا اعلان

معاہدے کے بعد شمالی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے

امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم صورتحال اس وقت غیر یقینی ہو گئی جب حزب اللہ نے اس معاہدے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق جنگ بندی کی شرط یہ رکھی گئی ہے کہ حزب اللہ مکمل طور پر فائرنگ بند کرے اور جنوبی لبنان سے اپنے عسکری عناصر کو واپس بلائے۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں پائلٹ زونز قائم کیے جائیں گے جہاں لبنانی فوج مکمل کنٹرول سنبھالے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب معاہدے کے اعلان سے چند گھنٹے قبل بھی سرحدی جھڑپیں جاری رہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

معاہدے کے بعد شمالی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے جہاں ایک مشکوک فضائی ہدف کی نشاندہی کی گئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ مکمل نئی جنگ بندی نہیں بلکہ مئی میں طے پانے والے پہلے فریم ورک کی توسیع ہے جس کی نگرانی امریکی قیادت میں جاری ہے۔

منویل ریپالو کے مطابق اصل مسئلہ یہ ہے کہ حزب اللہ مذاکرات کا حصہ نہیں تھی جس کے باعث اس معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے بڑے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ وہ حزب اللہ کے جواب کے منتظر ہیں جبکہ اسپیکر پارلیمنٹ نبیہ بری نے بھی اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔

ادھر حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کی جانب سے پہلے ہی اشارہ دیا گیا تھا کہ تنظیم اس معاہدے کو قبول نہیں کرتی جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

متعلقہ خبریں