Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آم کے فوائد بہت، آج نقصانات بھی جان لیں

آم کا حد سے زیادہ استعمال وزن بڑھنے کی ایک وجہ بھی بن سکتا ہے

 موسم گرما اپنے ساتھ کئی مزے دار پھلوں کی سوغاتیں لے کر آتا ہے انہی میں پھلوں کا بادشاہ آم بھی شامل ہے نہ صرف ذائقے میں بہترین ہوتا ہے بلکہ اس میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردارادا کرتے ہیں تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ کسی بھی چیز کی طرح آم کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی صحت کے بعض مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔

شکر کی زیادہ مقدار

ماہرین کے مطابق آم میں قدرتی شکر کی مقدار نسبتاً زیادہ ہوتی ہے اسی لیے اس کا بے تحاشا استعمال بعض افراد میں جلد کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ زیادہ میٹھا کھانے سے جسم میں سوزش بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں چہرے پر کیل مہاسوں کی شکایت پیدا ہونے یا پہلے سے موجود مہاسوں میں شدت آنے کا امکان رہتا ہے۔

وزن میں اضافہ

آم کا حد سے زیادہ استعمال وزن بڑھنے کی ایک وجہ بھی بن سکتا ہے۔ چونکہ اس میں قدرتی مٹھاس وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے، اس لیے جسمانی سرگرمی کم رکھنے والے افراد اگر زیادہ آم کھائیں تو اضافی کیلوریز وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ہاضمے کے مسائل

ہاضمے کے حوالے سے بھی احتیاط ضروری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ آم کھانے سے بعض افراد کو پیٹ پھولنے، گیس بننے یا اسہال جیسی شکایات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خاص طور پر اگر ان کی خوراک میں فائبر کا توازن مناسب نہ ہو۔

ذیابیطس

ذیابیطس یا انسولین مزاحمت کے شکار افراد کے لیے بھی آم کا اعتدال سے استعمال اہم ہے۔ آم میں موجود قدرتی شکر خون میں شوگر کی سطح کو تیزی سے بڑھا سکتی ہے، اس لیے ایسے افراد کو مقدار کے حوالے سے اپنے معالج کے مشورے پر عمل کرنا چاہیے۔

بعض لوگوں کو آم زیادہ کھانے کے بعد سینے میں جلن یا تیزابیت کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر حساس معدے یا ہاضمے کے مسائل رکھنے والے افراد میں یہ کیفیت زیادہ دیکھی جا سکتی ہے۔

دانت خراب ہوسکتے ہیں

دانتوں کی صحت بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہے۔ آم میں موجود شکر اگر منہ میں زیادہ دیر تک باقی رہے تو دانتوں کی خرابی اور کیویٹی بننے کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، اسی لیے آم کھانے کے بعد منہ کی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آم ایک صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور پھل ہے، لیکن اس کے فوائد حاصل کرنے کے لیے اعتدال ضروری ہے۔ مناسب مقدار میں آم کھانا صحت کے لیے مفید ہے، جبکہ ضرورت سے زیادہ استعمال بعض ناپسندیدہ اثرات کا سبب بن سکتا ہے۔