آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ایسوسی ایشن کے نائب صدر انعام الحق چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین ہمایوں خان کی جانب سے پٹرول پمپ مالکان کو وفاقی دارالحکومت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات ہوگی۔
انعام الحق چوہدری کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا طریقہ کار ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں، جبکہ موجودہ کمیشن پر کاروبار جاری رکھنا شدید مشکلات کا باعث بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں پٹرول پمپ چلانا معاشی طور پر انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
نائب صدر آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانا ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی وزیر پٹرولیم سے ہونے والی ملاقات میں معاملات حل نہ ہوئے تو ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

















